Monday, April 13, 2026
Homeinternationalصدر زرداری سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، پہلگام واقعہ اور غزہ...

صدر زرداری سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، پہلگام واقعہ اور غزہ صورتحال پر تبادلہ خیال

ایران نے کشیدگی کم کرنے اور باہمی تجارت بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا، بھارتی جارحیت پر تشویش

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، بالخصوص پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ ان کا یہ دورہ سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کی ہدایات پر مبنی ہے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال پر پاکستان کے مؤقف کو درست اور قابل فہم قرار دیا اور تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی دوطرفہ تعاون اور تجارت کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ایران خطے کے اہم امور پر پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔

صدر زرداری نے اس اہم موقع پر پاکستان کا دورہ کرنے پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ صدر نے ایک بار پھر پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر زرداری نے دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے تحفظ اور تجارت کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں فریقین نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور مغربی کنارے و غزہ میں اسرائیلی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ایرانی صدر کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔

مقالات ذات صلة

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here

بیشتر دیکھے جانے والی

تازہ ترین خبریں